فیصل آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی):اخوت فاؤنڈیشن کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا ہے کہ فیصل آباد سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے جو اس شہر اور پاکستان بلکہ دنیا کی ترقی کیلئے نئی راہوں کا تعین کرے گا۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیراہتمام سائبر آباد کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں لیکن وہ نوجوان نسل کو آئی ٹی کا مزدور بنانے کی بجائے آئی ٹی انٹر پرینیورز بنانا چاہتے ہیں جو اپنی بلین ڈالر کی کمپنیاں قائم کر سکیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں چار اہم مشکلات کی نشاندہی کی اور بتایا کہ انہیں ایسے طالبعلم نہیں مل رہے جن میں کچھ کر گزرنے کا جذبہ ہو، اسی طرح موجودہ تعلیمی اداروں کے آئی ٹی کے کورس صنعتوں کی عملی ضروریات سے ہم آہنگ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے مستند اساتذہ بھی نہیں مل رہے جبکہ اُن کی فوری تعیناتی کیلئے بھی قابل عمل حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے چیمبر کے صدر ڈاکٹر خرم طارق سے کہا کہ وہ انہیں صرف 50مخلص طلبہ دیں جن کو 6ماہ کی تربیت دی جائے گی تاکہ ان میں سے ہر بچہ اپنی الگ شناخت سے آئی ٹی کی اربوں ڈالر کی کمپنیاں تشکیل دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اخوت اور چیمبر کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا اور اخوت ان بچوں کی رہائش، خوراک اور تربیت سمیت دیگر ہر قسم کی ضرورتوں کو پورا کرے گی تاہم انہیں اساتذہ کی بھی ضرورت ہو گی۔ اخوت کے بارے میں انہو ں نے بتایا کہ 100ڈالرسے شروع ہونے والا یہ ادارہ اب1ار ب ڈالر 60لاکھ ضرورتمند خاندانوں میں تقسیم کر رہا ہے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو فوری طور پر 50طلبہ مہیا کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان میں خصوصی طلبہ بھی شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دو سال قبل چیمبر کے صدر کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی انہوں نے فیصل آباد کو ٹیک اینڈ سٹائل کے نام سے خطے کا ٹیکنیکل محور و مرکز بنانے کا اعلان کیا تھا مگر اِس پر عملدرآمد کے دوران انہیں معلوم ہوا کہ مقامی یونیورسٹیوں کے 82فیصد آئی ٹی گریجویٹ بے روزگار ہیں۔
انہوں نے فیصل آباد کو ہنر مند افرادی قوت برآمد کرنے والا شہر قرار دیا اور کہا کہ یہاں کے نوجوان لاہور اور اسلام آباد منتقل ہو رہے تھے جبکہ اب پاکستان سے ”برین ڈرین“جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر کی صنعتیں بی ایم ڈبلیو اور مرسڈیز جیسی معروف کمپنیوں کو پرزے فروخت کر رہی ہیں مگر اِن کی اپنی کوئی شناخت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے 50اور 100 ڈالر کا کام لیکر ہمارے نوجوانوں کو 5ڈالر پرٹرخا رہے ہیں کیونکہ ہم نے اپنی کمپنیاں بنانے پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے سائبر آباد منصوبے کے بارے میں بتایاکہ یہ اس لحاظ سے منفرد ہوگا کہ اس میں آئی ٹی کے ماہرین اور سرمایہ کار ملکر کام کریں گے۔ انہوں نے اس کو ڈالر ٹو ٹیلنٹ کا نام دیا اور کہا کہ یہ دونوں الگ الگ جگہ ہی موجود ہیں جن کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آئی ٹی کو پاکستان کا ممکنہ نجات دہندہ قرار دیا اور کہاکہ اس سے قبل بھی ہم بہت سے مواقع ضائع کر چکے ہیں مگر اب اس موقع کو ضائع کرنے کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک کی معاشی سمت درست ہے جس کے نتیجہ میں اگست کے مہینے میں سالانہ بنیادوں پر پاکستان کی برآمدات میں 40فیصد اضافہ ہو ا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر آباد کے ذریعے وہ آئی ٹی کے ماہرین اور سرمایہ کاروں کے درمیان کاروباری حجاب کو دور کرنا چاہتے ہیں اور اگر اُن کی کوششوں کے نتیجہ میں یہاں دو، چار بین الاقوامی معیار کی آئی ٹی کمپنیاں قائم ہو گئیں تو پھر اس شعبے کو دوسرے شہروں تک بھی پھیلایا جا سکے گا۔ فیصل آباد چیمبر کے نومنتخب صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے اس تاریخ ساز پروگرام کی شروعات کرنے پر ڈاکٹر خرم طارق کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ اس پروگرام کو ڈاکٹر خرم طارق کی زیر نگرانی ہی جاری رکھیں گے تاکہ فیصل آباد کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر ڈالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی افادیت کے پیش نظر وہ نہ صرف اپنے بچوں بلکہ خود بھی اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک نے آئی ٹی کے شعبہ میں زبردست ترقی کی ہے اورسال 2030میں وہ دنیا کی تیسری بڑی معیشت ہو گی۔ لہٰذا ہمیں بھی اپنی ترقی کیلئے مصنوعی ذہانت کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے آرمی چیف کی کراچی کے بزنس مینوں سے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں معاشی استحکام آرہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہماری سمت درست ہے اور آئندہ دس سال میں ہمارے بچے ایک دو بلین کی بجائے 100ٹریلین ڈالر کمانے والے بن سکیں گے۔ تقریب سے لاہور گیریژن ایجوکیشن سسٹم کے چیئرمین میجر جنرل (ر) سعید احمد ناگرہ، آئی ٹی کے ماہر ضیاخاں (تمغہ امتیاز)، سلیم رانجھا، سائبر آباد کے روح رواں محمد اظہر چوہدری اور ڈی جی کھاتہ کے عدنان اسلم نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں میجر جنرل(ر) سعید احمد ناگرہ نے بریگیڈئیر(ر) نادر حسین شاہ پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر ستارہ گروپ کے میاں محمد ادریس،میاں جاوید اقبال، چیمبر کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد، نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی، عدیل اعزاز شیخ، حشام سرور، سٹی پولیس آفیسر کامران عادل، ذیشان شاہداور آئی ٹی کے طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔