انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی شرح میں چار ماہ کے دوران 381 فیصد اضافہ

139
State Bank
State Bank

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):جاری مالی سال میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیکٹر میں کی جانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی شرح میں 381 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں میں جولائی تا اکتوبر 2021 کے دوران آئی ٹی سیکٹر میں 70.7 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں جولائی تا اکتوبر 2020 کے دوران شعبہ میں 14.7 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں آئی ٹی سیکٹر میں کی جانے والی ایف ڈی آئی میں 56 ملین ڈالر یعنی 381 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں آئی ٹی سروسز کے شعبہ میں کی جانے والی ایف ڈی آئی کی شرح 315 فیصد کے نمایاں اضافہ سے جولائی تا اکتوبر 2020 کی 12.2 ملین ڈالر سرمایہ کاری کے مقابلہ میں جولائی تا اکتوبر 2021 میں 50.6 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ اس دوران ایف ڈی آئی کے حجم میں 38.4 ملین ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔