اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):انفارمیشن سروس اکیڈمی میں زیر تربیت انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے افسران کے ایک وفد نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز (ڈی ای ایم پی )اسلام آباد کا دورہ کیا۔
بدھ کو یہاں جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وفد کا استقبال ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طارق محمود خان نے کیا۔ بعد ازاں وفد کو ڈی ای ایم پی کے امور کار اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وفد نے ڈائریکٹوریٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز وزارت اطلاعات و نشریات کا ایگزیکٹو ڈیپارٹمنٹ ہے، اس کے امور کار میں پبلی کیشنز، فلمیں، دستاویزی فلمیں، الیکٹرانک میڈیا کی مانیٹرنگ اور نمائشوں کا انعقاد شامل ہے۔ وزارت اطلاعات کا یہ محکمہ تقسیم سے پہلے بھی موجود تھا اور قیام پاکستان کے ابتدائی دور میں ٹیلیویژن کی غیر موجودگی میں فلم ریل پر سرکاری تقریبات کی تصویر کشی میں اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا کا پبلی کیشنز سیکشن کتب، میگزینز اور بروشرز وغیرہ کی باقاعدگی سے اشاعت کرتا ہے، اس کی باقاعدہ اشاعتوں میں ”ماہ نو“ اور ”پاکستان پکٹوریل“ جیسے رسائل بھی شامل ہیں۔
حالیہ دنوں میں اس محکمے نے قائداعظم اور پاکستان کے ثقافتی ورثہ پر دو کافی ٹیبل بکس شائع کیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اس وقت پاکستان کے 75 سالوں پر ایک کافی ٹیبل بک پر کام کر رہا ہے۔ اس محکمہ کا فلمز سیکشن باقاعدگی سے دستاویزی فلمیں اور نغمے تیار کرتا ہے تاکہ عوام میں قومی ساکھ اور بیداری کو فروغ دیا جا سکے۔ حال ہی میں تیار کی گئی دستاویزی فلموں میں ”پاکستان اینڈ فیفا ورلڈ کپ“، ”گردوارہ کرتار پور صاحب پر دستاویزی فلم“، ”میڈیا بلیک آئوٹ ان کشمیر“ شامل ہیں۔ اس ڈیپارٹمنٹ نے ”میرا پیارا پاکستان“ اور ”جیوے پاکستان“ گانے بھی تیار کئے جنہیں بعد ازاں ساحر علی بگا نے بھی گایا جنہیں خوب سراہا گیا۔
فلم سیکشن نے گزشتہ دو سالوں کے دوران آئی ایس پی آر کے تعاون سے ”نیشنل امیچور فلم فیسٹیول“ کا بھی انعقاد کیا۔ محکمے کا مانیٹرنگ سیکشن چوبیس گھنٹے الیکٹرانک میڈیا کی مانیٹرنگ کر رہا ہے تاکہ میڈیا میں رپورٹ ہونے والے کسی بھی واقعہ یا تجزیہ سے حکومت کو اپ ڈیٹ رکھا جا سکے۔ مانیٹرنگ سیکشن چوبیس گھنٹے رپورٹس اور پیغامات کو تیار کرتا ہے اور انہیں ایوان صدر، وزیراعظم آفس، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ سمیت مختلف وزراءاور دفاتر کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے۔ مذکورہ ڈیپارٹمنٹ اہم ایونٹس، مواقع اور حکومتی تقریبات کی کوریج کی رپورٹس بھی تیار کرتا ہے۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز باقاعدگی سے نمائشوں کا انعقاد کرتا ہے جہاں یہ ڈیپارٹمنٹ یوم آزادی،
یوم قائداعظم اور یوم یکجہتی کشمیر جیسے مواقع پر پبلی کیشنز، دستاویزی فلموں اور تصاویر کی نمائش کے ذریعے طلبا، تعلیمی اداروں اور عام عوام تک رسائی حاصل کرتا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز نے سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ فیس بک، یوٹیوب اور ٹویٹر پر اپنے ہینڈلز اور پیجز کے ذریعے اپنی موجودگی کو بڑھایا ہے۔ اس کے علاوہ اس کی اپنی ویب سائیٹ بھی موجود ہے۔ گلگت بلتستان انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے افسران ڈیمپ کے تمام دفاتر کا دورہ کیا اور ڈائریکٹوریٹ کے افسران اور عملے کے کام کے انداز میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
افسران نے ڈی ای ایم پی کے مانیٹرنگ سیٹ اپ کو گلگت بلتستان میں بھی شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دورہ کرنے والے افسران نے ڈی ای ایم پی اور گلگت بلتستان کی حکومت کے مابین دستاویزی فلموں کی تیاری اور نمائشوں کے انعقاد میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دورہ کے اختتام پر دورہ کرنے والے افسران کو سوینئرز بھی پیش کئے گئے۔