اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):مالی سال 25 ۔ 2024 کے پہلے دو ماہ (جولائی تا اگست)کے دوران انفارمیشن کمیونیکیشن و ٹیکنالوجی(آئی سی ٹی)کی برآمدات 30 فیصد اضافے سے 584 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو کہ گزشتہ مالی سال 24 ۔ 2023 کی اسی مدت کے دوران 449 ملین ڈالر تھیں۔ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ایک عہدیدار نے’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ اگست 2024 میں آئی سی ٹی سروسز سے 298 ملین ڈالر کی برآمدی ترسیلات موصول ہوئی ہیں جو اگست 2023 کے 235 ملین ڈالر کے مقابلے میں 26.8 فیصد زیادہ ہے۔
پچھلے مہینے (جولائی 2024) کے مقابلے میں، آئی سی ٹی سروسز کی برآمدی ترسیلات 12 ملین ڈالر بڑھ کر 298 ملین تک پہنچ گئیں جو کہ 4 فیصد اضافہ ہے۔509 ملین ڈالر کا تجارتی سرپلس، تمام سروسز میں سب سے زیادہ (کل آئی سی ٹی برآمدی ترسیلات کا 87.15 فیصد ) مالی سال 25 ۔ 2024 (جولائی-اگست 2024) کے پہلے دو ماہ کے دوران آئی ٹی اور آئی ٹیز صنعت نے حاصل کیا ہے جوکہ گزشتہ سال (مالی سال 24 ۔ 2023 ) کے دوران حاصل کردہ تجارتی سرپلس 394 ملین ڈالر کے مقابلے میں29.2 فیصد زیادہ ہے۔
پاکستان کی معیشت کے اندر خدمات کے شعبے میں آئی سی ٹی برآمدی ترسیلات زر کی آمدن سب سے زیادہ ہے جبکہ’’دیگر کاروباری خدمات‘‘ 255 ملین ڈالر سے کم ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کی بھرپور کوششوں اور حکمت عملی کے باعث یہ کامیابی حاصل ہوئی۔