واشنگٹن۔26جون (اے پی پی):انٹرمیلان،مونٹیری،فلومیننس اور بوروسیاڈورٹمنڈ کی ٹیمیں فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے ٹاپ 16 رائونڈ میں پہنچ گئیں ۔ انٹرمیلان نے گروپ ای کے اپنے تیسرے میچ میں حریف ارجنٹائن فٹ بال کلب کی ٹیم ریور پلیٹ کو شکست دے کر ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا ،میکسیکو فٹ بال کلب کی ٹیم مونٹیری نے گروپ ای کے اپنے تیسرے میچ میں حریف جاپان کی کلب فٹ بال ٹیم ارووا ریڈ ڈائمنڈز کو باآسانی شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا،جرمن کلب فٹ بال ٹیم بوروسیاڈورٹمنڈ نے اپنے گروپ ایف کے تیسرے اور آخری میچ میں سخت مقابلے کے بعد حریف جنوبی کوریا کی کلب فٹ بال ٹیم کو مات دے کر ٹاپ 16 رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔
عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے میچز کا سلسلہ امریکا میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ جمعرات کو لیمن فیلڈ، سیٹل کے مقام پر کھیلے گئے گروپ ای کے تیسرے اور آخری میچ میں اٹلی کی کلب فٹ بال ٹیم انٹرمیلان اور ارجنٹائن کی کلب فٹ بال ٹیم ریور پلیٹ کو0-2 سے شکست دی۔فرانسسکو پیو ایسپوسیٹو اور الیسانڈرو باسٹونی نے ایک ایک گول کر کے نہ صرف اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیابلکہ ٹاپ 16 رائونڈ میں پہنچادیا۔روز باؤل، پاساڈینا میں کھیلے گئے اسی گروپ کے تیسرے میچ میں میکسیکو فٹ بال کلب کی ٹیم مونٹیری نے حریف جاپان کی کلب فٹ بال ٹیم ارووا ریڈ ڈائمنڈز کو باآسانی 0-4گول سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا،
جرمن برٹرامی نے دو،نیلسن الیگزینڈر ڈیوسا اورجیسس مینوئل کورونا رویز نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔میچ میں ارووا ریڈ ڈائمنڈز کوئی گول سکور نہ کرسکی۔ٹی کیو ایل سٹیڈیم، سنسناٹی میں کھیلے گئے میچ میں جرمن کلب فٹ بال ٹیم بوروسیاڈورٹمنڈ نے اپنے گروپ ایف کے تیسرے اور آخری میچ میں سخت مقابلے کے بعد حریف جنوبی کوریا کی کلب فٹ بال ٹیم کو 0-1 گول سے مات دے کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
بوروسیاڈورٹمنڈ کی جانب سے میچ کا فیصلہ کن گول بوروسیاڈورٹمنڈ نے 36 ویں منٹ پر سکور کیا تھا۔ہارڈ راک سٹیڈیم، میامی گارڈنزمیں کھیلے گئے گروپ ایف کا میچ ممیلودی سن ڈائونز اور فلومیننس کے درمیان کھیلا گیا جو بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا تاہم برازیلین کلب فٹ بال ٹیم فلومیننس 5 پوائنٹس کی بنیاد پر ٹاپ 16 رائونڈ میں داخل ہوگئی۔فلومیننس کی ٹیم گروپ ایف میں پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی۔