انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن سمیت مختلف جوہری تنصیبات کا دورہ

147
Director General IAEA
Director General IAEA

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کے لیے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ 2019 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) سمیت مختلف جوہری تنصیبات کا دورہ کیا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور ان کے ہمراہ تھے۔

رافیل ماریانو گروسی نے اپنے دورے کے آغاز میں نیوکلیئر میڈیسن آنکولوجی اور ریڈیو تھراپی انسٹی ٹیوٹ (نوری) کے نام سے وفاقی دارالحکومت میں قائم پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے فلیگ شپ کینسر کیئر ہسپتال میں سائبر نائف کی تازہ ترین سہولت کا افتتاح کیا۔ اس سہولت کے افتتاح کے بعد نوری سائبر نائف کا علاج فراہم کرنے والا ملک کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال بن گیا۔ نوری ہسپتال میں انہوں نے مختلف شعبوں اور سہولیات کا دورہ کیا اور آئی اے ای اے کے ”ریز آف ہوپ“ کے اقدام کے مطابق کینسر کی تشخیص اور علاج میں پی اے ای سی کے 19 کینسر ہسپتالوں خاص طور پر نوری کی خدمات کو سراہا۔ ”

ریز آف ہوپ“ کا مقصد اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے اور پائیدار ترقی کے اہداف یعنی اچھی صحت اور بہبود کی تکمیل میں تعاون کرنا ہے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے بین الاقوامی معیار کے مطابق مریضوں کو علاج کی فراہمی کے لیے ترقی پذیر ممالک میں کینسر ہسپتالوں کو مضبوط بنانے میں آئی اے ای اےکی مدد پر روشنی ڈالی۔ مہمان کو پاکستان کے تمام صوبوں میں قائم پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے 19 کینسر ہسپتالوں کے کردار کے بارے میں بھی بتایا گیا جو آئی اے ای اےکے نعرے ”کینسر کیئر سب کے لیے“ کے مطابق ملک کے 80 فیصد سے زیادہ کینسر سے متاثرہ مریضوں کی تشخیص اور علاج کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

بعد ازاں ڈی جی آئی اے ای اے نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں مختلف لیبارٹریز بشمول آیسوٹوپ ہائیڈرولوجی لیب اور آیسوٹوپ پروڈکشن کی سہولت ہے ۔ یہ ملک بھر میں کینسر کے مریضوں کے لیے ریڈیو فارماسیوٹیکل کٹس فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے آئی اے ای اےکے میری سکلوڈوسکا-کیوری فیلوشپ پروگرام سے منسلک خواتین سے بھی ملاقات کی جس کا مقصد جوہری میدان میں خواتین کی تعداد کو بڑھانے میں مدد کرنا ہے۔

آئی اے ای اےکی طرف سے یہ پروگرام 2020 میں شروع کیا گیا جودنیا بھر سے 100 سے زائد طالبات کو ٹیوشن اور رہنے کے اخراجات کے لیے مالی مدد فراہم کرتا ہے اور جوہری سائنس، طب، انجینئرنگ، سیکورٹی کے ساتھ ساتھ حفاظت کے مختلف شعبوں میں عملی تجربہ حاصل کرنے کے لیے آئی اے ای اےکی طرف سے سہولت فراہم کی جانے والی انٹرن شپس کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس فار نیوکلیئر سیکیورٹی کا بھی دورہ کیا اور نیوکلیئر سیکیورٹی کے شعبے میں جدید ترین تعلیم اور تربیت سمیت سینٹر کی شاندار کاوشوں کو سراہا۔

ڈی جی آئی اے ای اے کے سرکاری دورے کے پہلے دن کا اختتام چشمہ نیوکلیئر پاور جنریٹنگ سٹیشن کے تفصیلی دورے کے ساتھ ہوا جو چشمہ ضلع میانوالی میں واقع ہے، جس میں چار نیوکلیئر پاور پلانٹس ہیں جو 1330 میگاواٹ بجلی پیدا اور قومی گرڈ کو سپلائی کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ تھری کے ماسٹر کنٹرول روم (ایم سی آر) کا بھی دورہ کیا جو کہ چسنوپ سینٹر فار نیوکلیئر ٹریننگ میں قائم کردہ سمیلیٹر ہے جہاں نیوکلیئر پاور آپریٹرز بین الاقوامی معیارات کے مطابق نیوکلیئر پاور پلانٹ کو محفوظ طریقے سے چلانے کی تربیت حاصل کرتے ہیں۔