انٹرنیشنل ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ کے مطابق ن لیگی ادوارمیں کرپشن انڈیکس سب سے کم رہا ، میاں نوازشریف

140
Nawaz Sharif
Nawaz Sharif

گوجرانوالہ۔ 03 فروری (اے پی پی):سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف نے کہا ہے کہ اگر ن لیگ کادورحکومت رہتا توآج ملک میں بے روزگاری اور غربت کاخاتمہ ہوچکا ہوتا ، ن لیگ کے ہردورمیں ملک نے ترقی کی ، باعزت روزگار کی فراہمی تک نوازشریف چین سے نہیں بیٹھے گا ، سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی برپاکرکے کہتے ہیں کہ یوتھ ان کے ساتھ ہے ، اصل یوتھ اس جلسہ گاہ میں موجود ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ کے مطابق ن لیگی ادوارمیں کرپشن انڈیکس سب سے کم رہا ، روٹی ، آٹے، چینی، گھی، پٹرول اور بجلی کی قیمتیں سب سے کم تھیں ، ن لیگ نے لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کیا، غربت میں نمایاں کمی کی ، ڈالرکی قیمت کومستحکم رکھا جبکہ سابق ن لیگی دورمیں ترقی کی شرح 6فیصدتھی ۔ انہوں نے کہا کہ جب ن لیگی دورمیں آئی ایم ایف کوخدا حافظ کہاتوآئی ایم ایف حکام کاکہناتھا کہ اگرپاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتارہاتواسے آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں رہے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں سی پیک لے کرآئے جس سے ملک میں7ارب کی سرمایہ کاری ہوئی ، بجلی کے کارخانے لگائے ، موٹر ویز بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ کام کررہی تھی اوریہ لوگ دھرنے دے رہے تھے ۔ میاں نوازشریف کاکہناتھا کہ ملک کی یوتھ ن لیگ کے ساتھ ہے ، جوایک دوسرے کااحساس اور بڑوں کااحترام کرتے ہیں نوازشریف کا دل اسی یوتھ کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موقع ملنے پر عوام کو باعزت روزگار کی فراہمی، بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی میں کمی یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ قوم گھبرائے نہیں ن لیگ پاکستان کو دوبارہ اپنے پائوں پرکھڑا کرے گی ، موٹروے بنائے گی ، سکول ،ہسپتال بنائے گی اورہرگھر کوروشن کرے گی ۔