بارسلونا۔17مارچ (اے پی پی):سپین کے صوبہ کاتالونیا کی پارلیمنٹ کے فارن افیئرز کمیشن میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم سپین کے صدر راجہ نامدار اقبال خان، فورم کے فرانس چیپٹر کے صدر زاہد ہاشمی اور دیگر رہنمائوں نے کاتالان کے پارلیمنٹیرینز کو بریفنگ دی۔
اجلاس کے آغاز میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اس موقع پر کاتالان پارلیمنٹیرین کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات کے جوابات راجہ نامدار اقبال خان اور زاہد ہاشمی نے دئیے۔ کاتالونیا پارلیمنٹ کے فارن افیر کمیشن کے اجلاس میں سپین کی تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمنٹیرین نے شرکت کی۔ کمیشن میں سوشلسٹ پارٹی، جنز پور کاتالونیا، اسکیرا ریپبلیکانہ دے کتلونیا، کمونز- کوپ اور دیگر تمام جماعتوں کے پارلیمنٹیرین نے بھی شرکت کی۔ سیشن میں موجود تمام جماعتوں نے مسئلہ کشمیر پر ہونے والی زیادتیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کشمیروں کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔
کاتالونیا پارلیمنٹ کے فارن افیئرز کمیشن کے دورہ کے موقع پر پاکستانی وفد میں انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم سپین کے صدر راجہ نامدار اقبال خان، زاہد ہاشمی، سینئر کشمیری رہنما سردار ارشد، ندائے کشمیر سپین کے صدر راجہ مختار سونی، تحریک کشمیر سپین کے صدر راجہ شفیق تبسم، پاک سپین بزنس کونسل کے چیف کوآرڈینیٹر سید ذوالقرنین شاہ، سینئر کشمیری رہنما ناصر شہزاد، ارشد نذیر ساحل، نقاش جاوید قریشی اور دیگر معززین شامل تھے۔