22.2 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومقومی خبریںانٹرِم پلیسمنٹ آف فریش پی ایچ ڈیز پروگرام کے 27 منتخب سکالرز...

انٹرِم پلیسمنٹ آف فریش پی ایچ ڈیز پروگرام کے 27 منتخب سکالرز کے لئے تین ہفتوں پر مشتمل پیشہ وارانہ تربیتی پروگرام کا آغاز

- Advertisement -

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہی)، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے تحت انٹرِم پلیسمنٹ آف فریش پی ایچ ڈیز پروگرام کے 27 منتخب سکالرز کے لئے تین ہفتوں پر مشتمل پیشہ وارانہ تربیتی پروگرام کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر ناہی ڈاکٹر نور آمنہ ملک تھیں جبکہ ایڈوائزر ایچ ای سی انجینئر محمد رضا چوہان مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔ ڈائریکٹر ناہی سلیمان احمد نے شرکاء کو تربیتی پروگرام کے خدوخال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف تعلیمی ترقی کے لئے ناہی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کی بھی حمایت کرتا ہے جن میں معیاری تعلیم، صنفی مساوات، معاشی ترقی، مساوی مواقع، ماحولیاتی تحفظ، اور مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچے شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تربیت میں کئی نئے تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں کو شامل کیا گیا ہے جیسے ’’ریڈ اینڈ رفلیکٹ‘‘ (مقررہ کتاب کا مطالعہ اور تجزیہ)، ’’پلانٹ اے پرومس‘‘ (پودا لگا کر ترقی کا عزم)، ’’داستان سرائے‘‘ (ذاتی کہانی سنانا)، ’’کمیونٹی کنیکٹ‘‘ (سماجی خدمت) اور ’’لرننگ ٹوگیدر‘‘ (ہم جماعتوں کے ساتھ سیکھنے کا عمل)۔ ان سرگرمیوں کا مقصد شرکاء کی مجموعی تربیت اور کردار سازی ہے۔ انجینئر محمد رضا چوہان نے شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی پیشہ وارانہ ترقی میں ناہی کے کردار کو سراہا اور انہیں نصیحت کی کہ وہ سیکھنے، پرانی باتیں بھلا کر نئے انداز میں سیکھنے کا عمل جاری رکھیں۔ ڈاکٹر نور آمنہ ملک نے اپنے خطاب میں شرکاء کو نظم و ضبط اور بھرپور شرکت کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیت شرکاء کے لئے ایک نادر موقع ہے جو انہیں بہتر استاد اور ذمہ دار شہری بنانے میں مدد دے گا۔ یہ تربیتی پروگرام پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں معیاری اساتذہ کی تیاری کے لئے ناہی کے عزم کا عملی مظہر ہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں