انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن کے 180 ویں اجلاس کا آغاز، ماڈل اسیسمنٹ فریم ورک پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

148
Inter Boards Coordination Commission
Inter Boards Coordination Commission

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کا 180 واں اجلاس پیر کو فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) اسلام آباد میں شروع ہو گیا۔ اجلاس کی صدارت نیشنل کوآرڈینیٹر آئی بی سی سی فورم/چیئرمین ایف بی آئی ایس ای جنید اخلاق نے کی جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح اور تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرپرسنز سمیت مختلف تعلیمی اور تشخیصی شعبوں سے تعلیمی سربراہان نے کی۔اجلاس کے پہلے دن پاکستان کی تعلیمی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اہم امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ماڈل اسیسمنٹ فریم ورک (ایم اے ایف) پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جس کا مقصد ملک بھر کے امتحانی نظام کو یکساں معیار پر لانا ہے جسے فورم نے بہت سراہا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل کوئسچن آئٹم بینک کے قیام کی منظوری دی گئی جو ایم اے ایف کے تحت امتحانات کو ہم آہنگ کرے گا۔فورم نے تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی غرض سے کئی اہم فیصلے کیے جن میں یتیم طلباء کو تعلیمی فیسوں کی چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی، ساتھ ہی امتحانی فارموں میں یتیم حیثیت کا خانہ شامل کرنے کی تجویز منظور کی گئی تاکہ ان طالب علموں کو اعلی تعلیم کے حصول کے لئے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے یونیورسٹی داخلوں کے شیڈول کے ہم آہنگی کے حوالے سے بھی تجاویز پر بات چیت کی گئی اور تمام صوبوں نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ امتحانات کا شیڈول یکساں ہو گا جس کے مطابق مارچ/اپریل میں امتحانات شروع ہوں گے اور جون/جولائی میں نتائج کا اعلان کیا جائے گا تاکہ اعلی تعلیمی درسگاہوں میں داخلوں کو امتحانی نتائج کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے۔ اساتذہ اور امتحانات سے وابستہ عملے کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے آئی بی سی سی کے زیر اہتمام تربیتی اور تصدیقی پروگرامز کی تجویز بھی منظور کی گئی جو تعلیمی شعبے میں ایک اہم قدم شمار ہوگا جو کے تعلیمی شعبے اور امتحانی نظام کی بہتری کی طرف ایک اہم قدم شمار ہوگا۔

مزید برآں فورم نے انٹر بورڈز سپورٹس کمیٹی (آئی بی ایس سی) کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور مختلف صوبوں کی جانب سے قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ امتحانات کے نئے طریقے اور امتحانی ماڈلز پر خیالات کا تبادلہ کیا جائے تاکہ پاکستان کے تمام بورڈز میں تعلیمی معیار کو یکساں، معیاری اور قابل رسائی بنایا جائے۔آئی بی سی سی اپنے مشن میں پختہ عزم رکھتے ہوئے تعلیمی معیار کو ہم آہنگ کرنے، ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے اور پاکستان کے تعلیمی شعبے میں اصلاحات کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے۔ 180ویں اجلاس میں منظور شدہ قراردادیں ایک مضبوط اور شمولیتی تعلیمی نظام کی تشکیل کے لیے ایک مثبت سمت کی عکاسی کرتی ہیں۔