انٹر سکولز اینڈ کالجز تھروبال چیمپئن شپ میں اوپن گرلز کیٹیگری کا ٹائٹل نیشنل تھروبال اکیڈمی نے جیت لیا

138

اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):انٹر سکولز اینڈ کالجز تھروبال چیمپئن شپ میں اوپن گرلز کیٹیگری کا ٹائٹل نیشنل تھروبال اکیڈمی نے جیت لیا جبکہ سٹی سکول نے اے لیول اور او لیول گرلز کے دونوں ٹائٹلز اپنے نام کر لئے۔ گورنمنٹ جان محمد خان کاسی بوائز ہاکی سکول کوئٹہ نے او لیول بوائز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل(ایڈمن)، واپڈا، لاہور میاں محمد افضل تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر پاکستان تھروبال فیڈریشن کے صدر محمد رزاق گل، سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں، ویمن ونگ کی صدر فائزہ عامر، نائب صدر عدنان بوہرا، پاکستان روک بال فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل امہ لیلی، جنرل منیجر سٹی سکول کرنل آصف بخاری، سپورٹس منیجر اصغر انجم کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں کھیلی گئی انٹر سکولز اینڈ کالجز تھروبال چیمپئن شپ میں نیشنل تھروبال اکیڈمی نے اوپن گرلز کیٹیگری کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

جبکہ سٹی سکول اور لاہور کالج فار ویمن نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔سٹی سکول نے اے لیول گرلز کے ایونٹ میں کامیابی حاصل کی جبکہ حبیب گرلز سکول اور ایم ایس بی سکول کراچی نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سٹی سکول نے او لیول گرلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا جبکہ ڈی ایچ اے فیز فور کراچی اور لیرننگ الائنس ڈی ایچ اے لاہور کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ اور اسی طرح گورنمنٹ ملک جان محمد خان سکول کاسی سکول کوئٹہ نے او لیول بوائز کا ٹائٹل جیت لیا جبکہ گریس سکول کراچی اور ایم ایس بی سکول کراچی نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔