انٹر کالجیٹ چیمپئن شپ ٹیبل ٹینس گرلزکے مقابلے (کل) سے شروع ہوں گے

106
ٹیبل ٹینس

فیصل آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر و چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد سلوت سعید کی ہدایت پر انٹرکالجیٹ چیمپئن شپ 24-2023 ء ٹیبل ٹینس گرلز مقابلے (کل) بدھ سے شروع ہوں گے۔

ڈائریکٹر سپورٹس تعلیمی بورڈ فیصل آباد نگہت نورین نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ ٹیبل ٹینس مقابلوں کیلئے ابھی تک چناب کالج جھنگ،پنجاب کالج برائے خواتین فیصل آباد، ڈویژنل ماڈل کالج فیصل آباد، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین عیدگاہ روڈ فیصل آباد، ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج فیصل آبا،‘ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین کارخانہ بازار فیصل آباد، گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین سمن آباد فیصل آباد، گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاؤن جھنگ صدراور لاسال کالج فیصل آباد کی ٹیموں نے انٹری کروائی جن کے مابین دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر کرکٹ کوچ تعلیمی بورڈ فیصل آباد سید سہیل عباس بخاری اور چوہدری نسیم احمد گجر بھی بورڈ کی طرف سے نمائندگان کی حیثیت سے موجود ہوں گے۔دریں اثنا سیکرٹری تعلیمی بورڈ فیصل آباد ڈاکٹر حبیب الرحمن کے مطابق انٹر کالجیٹ چیمپئن شپ کا انعقاد الحمداللہ کامیابی سے جاری ہے جس میں ڈویژن بھر کے کالجز کی ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ شریک ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹر کالجیٹ مقابلوں کا انعقاد نہایت ناگزیر ہے کیونکہ یہاں سے ہی نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آتا ہے جو مستقبل میں نیشنل ٹیم کا حصہ بن کر ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں انتہائی معاون و مددگار ثابت ہوتا ہے۔