راولپنڈی۔ (اے پی پی) آر سی سی آئی انٹر کلب ٹی 20 کرکٹ چیمپئن شپ میں ڈائمنڈ کلب اور گرین لینڈ نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے تعاون سے انٹر کلب ٹی 20 چیمپئن شپ کے سنسنی خیز مقابلے راولپنڈی کے مخلتف گراﺅنڈز میں جاری ہیں، گزشتہ روز پنڈی کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ڈائمنڈ کلب نے مسلم کلب کو 29 رنز سے ہرایا، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 132 رنز بنائے، سعد سعود نے 29 اور عاطف رضوان نے 25 رنز بنائے۔ مسلم کلب کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 103 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی۔ ابرار اور سعد سعود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایک اور میچ میں گرین لینڈ کلب نے گولڈ سٹار کو 8 وکٹوں سے شکست دی، گولڈ سٹار نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 86 رنز بنائے، جواب میں گرین لینڈ نے ہدف 7.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، زیشان ملک نے 54 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، مہمان خصوصی ہیڈ کوچ راولپنڈی صبیح اظہر نے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مفید مشورے دیئے۔