انٹیلی ایجنسز نے ایک گفتگو پکڑی ہے جس میں ایک گھرپرحملہ کرنے،بندوں کومارنےکےبعدالزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پرلگانےسےمتعلق دو طرح کی منصوبہ بندی کی گئی ہے،وفاقی وزیرداخلہ راناثناءاللہ خان

184
انٹیلی ایجنسز نے ایک گفتگو پکڑی ہے جس میں ایک گھر پر حملہ کرنے، بندوں کو مارنے کے بعد الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لگانے سے متعلق دو طرح کی منصوبہ بندی کی گئی ہے،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان

فیصل آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ انٹیلی ایجنسز نے ایک گفتگو پکڑی ہے جس میں ایک گھر پر حملہ کرنے، بندوں کو مارنے کے بعد الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لگانے سے متعلق دو طرح کی منصوبہ بندی کی گئی ہے،قوی امکان تھا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات یہ ڈرامہ رچایا جاتا اس لئے قوم کو حقائق سے آگاہ کر رہا ہوں،اس گفتگو کے کرداروں کو واچ کیا گیا ہے، اس طرح کے ڈرامے کا مقصد حکومت، انٹیلی جنس ایجنسز کے حوالے سے عالمی میڈیا کو گمراہ کرنا تھا، نو مئی کے واقعات میں شامل کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

وہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات یہاں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسز نے ایک گفتگو پکڑی ہے جس میں دو طرح کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، کسی ایک گھر پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، وہاں فائرنگ کے کے بلاکتوں کی منصوبہ بندی ہوئی ہے، یہ تاثر دینا تھا کہ کس طرح لوگوں کے گھروں میں گھس کر بندے مارے جارہے ہیں۔ دوسری بات چیت میں یہ کہا گیا کہ ایک حملہ کیا جائے اور اس میں فائرنگ کی جائے اور یہ کہا جائے کہ یہ انٹیلی جنس ایجنسز نے کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جو بات چیت پکڑی گئی ہے اس بات کے امکانات پائے گئے ہیں کہ شاہد یہ ڈرامہ آج رات ہی مکمل کیا جائے اس لئے ضروری سمجھا گیا کہ قوم کو اس شیطانی ڈیزائن سے آگاہ کیا جائے اور ان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ 9مئی کو ان لوگوں نے شہداء کو دکھ اور غم سے دوچار کیا اور ایک ہیجانی کیفیت پیداکرنے کی ناکام کوشش کی، پوری قوم نے یکجہتی کے ساتھ اسے ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ ٹولہ نو مئی کو ناکام ہوا تو اس طرح کی سازشیں رچارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زلمے خلیل زاد جیسے لابنگ کرنے والے لوگوں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن کے گھر، شہدا کی یادگارں کی بے حرمتی کی تو سب کچھ عوام کے سامنے پیش کیا گیا کہ کتنے سفاک لوگ ہیں جنھیں شہدا کی یادگارں کا بھی احترام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام حربے ناکام ہوئے تو انہوں نے گھٹیا ڈرامے کی منصوبہ بندی کی ہے، اندیشہ تھا کہ آج رات ہی یہ ڈرامہ کرنے والے ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ نو مئی کے واقعات میں جو بھی ملوث ہیں، جنہوں نے گمراہ کیا اور جو گمراہ ہو کے موقع پر گئے اور دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچایا، گھروں،یادگاروں کو نقصان پہنچایا انھیں ہر قیمت پر قرار واقعہ سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کا عزم ہے کہ کسی بے گناہ کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچایا ان کے مقدمات فوجی عدالتوں جبکہ دیگر کیسز خصوصی عدالتوں میں چلائے جائے گے۔ انہوں نے کہا کہ گمراہ ٹولے اور سرغنہ کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے، نوجوانوں میں جس نفرت کو پروان چڑھایا اسی نفرت کی آگ میں خود جل رہا ہے۔