انچارج وفاقی محتسب کابینظیر انکم سپورٹ پروگرام آفس سرگودہامیں کھلی کچہری کا انعقاد

162
BISP

سرگودھا۔29فروری (اے پی پی):انچارج وفاقی محتسب ریجنل آفس مشتاق احمد اعوان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) آفس سرگودھا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا۔اس کا مقصد بی آئی ایس پی سروے کا جائزہ لینا اور مستحقین کی شکایات سننا تھا۔ اُنہوں نے مستحقین کے سروے کے عمل کا جائزہ لیا اوراطمینان کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفترکے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر بی آئی ایس پی سرگودھا صفدر اعوان نے انچارج وفاقی محتسب کو بی آئی ایس پی کی ادائیگیوں، بی آئی ایس پی سروے اور بی آئی ایس پی رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ صفدر اعوان نے بتایا کہ بی آئی ایس پی آفس میں سروے کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 85 سے زائد مستحق خواتین کا سروے کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سروے آئندہ دو ماہ تک جاری رہے گا اور بی آئی ایس پی سرگودھا 86000 سے زائد کا سروے مکمل کرے گا۔

اُنہوں نے کہاکہ مستحقین کو تعلیم، این سی ایچ ڈی سمیت مختلف محکموں کے عملہ بی آئی ایس پی کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مشتاق احمد اعوان نے بی آئی ایس پی حکام کو ہدایت کی کہ وہ صاف اور شفاف طریقے سے مستحقین کو بی آئی ایس پی ادائیگیوں کی سہولت فراہم کریں۔ مشتاق احمد اعوان نے اس موقع پرمتعدد مستحق خواتین سے بھی ملاقات کی اوراُنکے مسائل کو سناجہاں ان سب نے بی آئی ایس پی کے عملے کے رویے پر اطمینان کا اظہار کیا۔