انڈر 19 ایشیا کپ سیمی فائنل، پاکستان اور بنگلہ دیش (کل) مدمقابل ہوں گے

313

دبئی۔5دسمبر (اے پی پی):ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی )کے زیر اہتمام متحدہ عرب امارات میں جاری 11ویں انڈر 19 ایشیا کپ میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہیں۔ مینز انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ کے سیمی فائنلز (کل) جمعہ کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ،بنگلہ دیش ،بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ پاکستان ٹیم پہلے سیمی فائنل میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف کل(جمعہ کو )دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، دبئی میں پنجہ آزمائی کرے گی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان شارجہ کرکٹ سٹیڈیم ،شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم اپنے گروپ کے تینوں میچوں میں ناقابل شکست رہی ہے، بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے گروپ بی میں تین میں سے دو میچز جیت سکی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میچ دلچسپ ہونے کی توقع ہے، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیمی فائنل میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اس لئے میچ سخت اور کانٹے دار ہوگا۔

پاکستان ٹیم کی قیادت سعد بیگ کریں گے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم کو محمد عزیز الحکیم تمین لیڈ کریں گے۔ مینز انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ کا دوسرا سیمی فائنل میچ بھارت اور سری لنکن ٹیموں کے درمیان کھیلا جائےگا۔واضح رہے کہ مینز انڈر 19 کرکٹ ایشیا کپ کا فائنل میچ 8دسمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔