انڈر 19 ورلڈ کپ سپرسکس مرحلہ، پاکستان نے آئرلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دیدی، احمد حسن پلیئر آف دی میچ قرار

622
ICC
ICC

پوچیفسٹروم۔30جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان نے آئرلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی، آئرش انڈر 19 ٹیم 48.4 اوورز میں 181 رنز پر آئوٹ ہوگئی، پاکستان انڈر 19 نے مطلوبہ ہدف 43.4 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پرحاصل کیا، احمد حسن کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

منگل کو پوچیفسٹروم میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ سپر سکس مرحلے میں گروپ ون کے میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.4 اوورز میں 181 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، ایک مرحلے پر آئرلینڈ کی6 وکٹیں صرف63 رنز پرگرچکی تھیں تاہم آئرش لوئرآرڈر بیٹرز نے آخری4 وکٹوں پر118 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ جون میکنیلے نے 53 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، ہیری ڈیار 31 اور اولیور ریلے 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے عبید شاہ نے ایک مرتبہ پھر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، عامر حسن، علی رضا اور احمد حسن نے دو دو جبکہ ہارون ارشد نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان انڈر 19 نے 182 رنز کا مطلوبہ ہدف 43.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی ابتدائی 5 وکٹیں 96 رنز پر گر گئیں تاہم اس موقع پر احمد حسن نے ہارون ارشد کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا،

پاکستان کی چھٹی وکٹ 159 رنز پر ہارون ارشد کی صورت میں گری، ہارون 25 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس دوران احمد حسن نے نہ صرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ پاکستان ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں کامیاب رہے، وہ 72 بالوں پر 57 رنز اور علی اسفند 9 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ آئرلینڈ کی طرف سے ہیری ڈایر نے 35 رنز کے عوض 4، روبو ولسن، اولیور ریلے اور جورڈن نیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔