فیصل آباد۔ 25 نومبر (اے پی پی):ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھانے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال معاشرے میں گھریلو مصنوعات کو پروموٹ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ انڈسٹریل نمائشوں کے انعقاد سے خواتین کو اپنی تیارکردہ مصنوعات کی نمائش کا بہترین موقع ملتا ہے جس سے ان کی مانگ میں اضافہ ہونا قدرتی امر ہے اور اس طرح جہاں خواتین کی ہاتھ سے بنائی ہوئی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی مناسب تشہیر ہوتی ہے وہیں زیادہ خریدار میسر آنے سے ان کو شاندار منافع بھی حاصل ہوجاتا ہے جس سے ان کی حوصلہ افزائی اور ان میں مزید محنت و لگن سے کام کرنے کی جستجو پیدا ہوتی ہے۔
وہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی طرف سے قصر بہبودفیصل آباد میں منعقدہ اندسٹریل نمائش سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں سوشل ویلفیئر سوسائٹی، غلام محمد آبادکے دستکاری سکولز نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول اور سروری رفیق دستکاری سکول کی طالبات نے بھر پور شرکت کی۔ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال خالدہ رفیق، ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ عالم کی سربراہی میں انڈسٹریل نمائش میں این جی اوز اور دیگر اداروں نے اپنی مصنوعات کی دیدہ زیب نمائش لگائی جس میں دستکاری نمونے،فائن آرٹ،کرتے،ٹریک سوٹ،پینٹنگ،آرٹیفیشل جیولری اوردیدہ زیب مہندی ڈیزائنز میں خواتین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پرسوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آباد کے جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی، ڈویژنل ڈائریکٹر خالدہ رفیق، ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ عالم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرعمران عصمت پنوں،سابق وفاقی وزیر حاجی محمد اکرم انصاری، محکمہ سوشل ویلفیئر آفیسران محمد طاہر،عثمان حبیب،طیب بھٹی،زاہدہ ناز،عابد علی نے بھی انڈسٹریل نمائش کا دورہ کیا۔
نمائش میں سکولزوکالجزکی طالبات اور علاقہ خواتین کی آمدکا سلسلہ جاری رہاجن کیلئے کھانے پینے کے منفرد سٹال بھی سجائے گئے تھے۔جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کہاکہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال معاشرے میں غربت کے خاتمے اور خواتین کو با ہنر بنانے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے،ملک میں جس قدر با ہنر افرادی قوت ہو گی ملک میں بتدریج بے روزگاری میں کمی ہوتی رہی گی تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی نمائشوں کا اہتمام مختلف علاقوں میں ایک تواتر سے ہوتے رہنا چاہیے، جس میں خواتین کو ارزاں نرخوں پر گھریلو مصنوعات خریدنے اور ان کو بنانے کے ہنر سے آگاہی حاصل ہوتی ر ہی۔ بعد ازاں انڈسٹریل نمائش میں شرکت کرنے والی این جی او ز میں شراکتی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔