انڈسٹریل پیکیج سے ملک میں معاشی انقلا ب اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،پائیدار معاشی ترقی کیلئے برآمدات بڑھانا ہوں گی’وفاقی وزیر خسرو بختیا رکا تقریب سے خطاب

80

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیا رنے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے جاری انڈسٹریل پیکیج سے ملک میں معاشی انقلا ب اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا’مینوفیکچرنگ کے بغیر کوئی صنعت ترقی نہیں کر سکتی ‘برآمدات کے فروغ اور جی ڈی پی بڑھانے کے لیے مینوفیکچرنگ کی شرح 25 فیصد تک لانا ضروری ہے’صنعتی شعبہ کو سہولیات فراہمی کے لیے حکومت تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے،پائیدار معاشی ترقی کیلئے برآمدات بڑھانا ہوں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز انڈسٹریل پیکیج کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ سابق حکومت کی ناقص حکمت عملی کی سبب ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب کر رہ گیا ہے’موجودہ حکومت کو ورثے میں تباہ حال معیشت ملی لیکن اللہ تعالی کا شکر ہے کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت درسست ٹریک پر گامزن ہو چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ انڈسٹریل پیکیج سے ملک میں معاشی انقلا ب اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا’مینوفیکچرنگ کے بغیر کوئی صنعت ترقی نہیں کر سکتی ،صنعتی شعبہ کو سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔

خسروبختیار نے کہا کہ برآمدات کے فروغ اور جی ڈی پی بڑھانے کے لیے مینوفیکچرنگ کی شرح 25 فیصد تک لانا بہت ضروری ہے’بدقسمتی سے شرح نمو میں مینوفیکچرنگ کا حصہ کم ہو کر رہ گیا ہے’پاکستان کو کورونا جیسے چیلنجز درپیش تھے لیکن حکومت کی بہتر حکمت عملی کی بدولت ہم مشکل کے اس دور سے نکل آئے ہیں’لارج سکیل مینوفیکچرنگ ساڑھے سات فیصد کی شرح سے بڑھ رہا ہے’حکومت نے واجب الادا بھاری قرضوں کے باوجود اسٹیٹ بنک کے اثاثوں کو بڑھایا ہے،ٹیکس بیس بڑھا کر ٹیکسوں کی شرح کو مزید کم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کی بحالی کی لیے عوام کو جو شعور دیا اس کی مثال نہیں ملتی ہے،انڈسٹریل پیکیج کے اس منصوبہ سے انڈسٹریل گروتھ کو بڑھا نے مدد ملے گی،یہ ایسی مفصل اور جامع پالیسی ہے جس کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی دلچسپی لی اور اس کے 8 اجلاس میں شرکت کی۔

وفاقی وزیر صنعت نے کہاکہ اورسیز پاکستانیوں نے مثبت پالیسیوں کی بنا پر وزیر اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے جس کی مثال یہ ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ملکی تاریخ کی بلند ترین ترسیل زر 31 ارب ڈالر پاکستان بھیجے ہیں جس سے زر مبادلہ میں اضافہ ہوا اور ڈگمگا تی ہوئی ملکی معیشت کو سہارا ملا ہے اور ملکی خودمختاری کے مزید استحکام کے لیے ہمیں اپنی برآمدات بڑھانا ہوں گی ۔

انہوں نے کہاکہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے مڈل کلاس کے کاروبار کے فروغ کے لیے بھی حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ خطاب کو پوری قوم نے سراہا ہے جس سے اپوزیشن میں صف ماتم بچھ گئی ہے اور وہ چھپنے کی جگہ ڈھونڈ رہی ہے۔