لاہور۔24ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منگل کو اجلاس منعقد ہوا جس میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی ،فیصل آباد میں سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے قیام کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان محکمہ صنعت و تجارت کے مطابق چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال ،وائس کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن ذوالفقار احمد ،ڈی جی پیسی اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیئرمین فیڈمک میاں انس اور سی ای او تنویر جبار وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیسی کے طریقہ کار کے مطابق سندر انڈسٹریل اسٹیٹ اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں سوشل سکیورٹی کے ہسپتال بنائے جائیں گے اور یہ ہسپتال 50-50بستروں پر مشتمل ہوں گے ایم تھری انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں بننے والا ہسپتال ابتدائی طور پر 25 بستروں کا ہوگا۔دونوں ہسپتال بننے سے صنعتی ورکرز کو علاج کی بہترین سہولیات مفت ملیں گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ انڈسٹری کا پہیہ رواں دواں رکھنے میں ورکرز کا کلیدی کردار ہے اس لئے ان کی فلاح کیلئے ہر ضروری اقدام کریں گے ۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پیسی ،پیڈمک اور فیڈمک کے حکام ان ہسپتالوں کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے مل بیٹھ کر تمام امور جلد طے کریں۔صنعتی ورکرز کے اس فلاحی منصوبے کی تیزی سے تکمیل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم تھری انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں 10بسترو ں کے ہسپتال کو پیسی کے حوالے کرنے کے لئے ایم او یو کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے ایم او یو کے پیپرز جلد تیار کرنے کی ہدایت کی۔