جکارتہ ۔9مارچ (اے پی پی):انڈونیشیا میں ابوظہبی کی شیخ زاید جامع مسجد کی طرز پر تعمیر ہونے والی مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔
تقریب میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔عرب نیوز کے مطابق یہ مسجد انڈونیشیا کے صوبہ جاوا کے مرکزی شہر سولو میں تعمیر کی جائے گی جو صدر جوکو ویدودو کا آبائی شہر بھی ہے۔ابو ظہبی کی سب سے بڑی شیخ زاید مسجد کی نقل ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے جولائی 2019 میں دورہ جکارتہ کے دوران صدر جوکو ویدودو کو تحفے میں پیش کی تھی۔
ولی عہد کے والد زید بن سلطان النہیان کے1990 کے دورہ انڈونیشیا کے بعد سے پہلی مرتبہ کسی اماراتی رہنما نے انڈونیشیا کا دورہ کیا تھا۔امارات میں تعينات انڈونیشیا کے سفیر حسن باگیس نے کہا کہ یہ مسجد سو فیصد ابو ظہبی کی شیخ زید مسجد کی نقل ہوگی جبکہ مسجد کی زیبائش و آرائش انڈونیشیا کی سجاوٹی اشیا سے کی جائے گی۔