انڈونیشیا میں پاکستانی مصنوعات کی کافی مانگ ہے ، پاکستانی تاجر انڈونیشیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ سے فائدہ اٹھائیں،آدم ٹوگیو

176
انڈونیشیا میں پاکستانی مصنوعات کی کافی مانگ ہے ، پاکستانی تاجر انڈونیشیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ سے فائدہ اٹھائیں،آدم ٹوگیو

راولپنڈی۔4جنوری (اے پی پی):پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر آدم ٹوگیو نے کہاہے کہ انڈونیشیا میں پاکستانی مصنوعات کی کافی مانگ ہے ، پاکستانی تاجر انڈونیشیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ سے فائدہ اٹھائیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر آدم ٹوگیو نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پرتاجروں کے ساتھ اجلاس میں خطا ب میں کیا ۔

انہوں نے کہاکہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے اور تجارتی و کاروباری تعلقات مستحکم کرنے کا خواہاں ہے،پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ثقافتی سطح پر کئی قدریں مشترک ہیں، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) پر پہلے ہی ایک ابتدائی معاہدہ موجود ہے جس سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو فروغ ملا ہے۔ تقریبا 220ٹیرف لائنز پر زیرو ریٹ ہے ،

انڈونیشیا کا سفارت خانہ چیمبر کے زیر اہتمام فوڈ فیسٹیولز اور نمائشوں میں شرکت کرے گا۔سفیر نے کہا کہ پاکستان میں روایتی جڑی بوٹیوں کی ادویات کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے۔ایڈم ٹوگیو نے کہا کہ آسیان ممالک کی فہرست میں انڈونیشیا پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے پاکستانی تاجر آسیان کے پلیٹ فارم سے اس کی ابھرتی ہوئی معیشتوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ توانائی، پام آئیل،کوکونٹ آئل، فوڈ پروسسینگ، حلال فوڈ، سیاحت، اورملبوسات کے شعبے میں دو طرفہ تجارتی مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اس موقع پرراولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدرثاقب رفیق نے سفیر کو راولپنڈی چیمبر کی جاری سرگرمیوں کے بارے میں بتایا

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے چیمبر کے سطح پر اور نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ تجارتی حجم میں اضافہ ہو، سیاحت ، آئی ٹی، حلال فوڈ اور ٹیکسٹائل کے حوالے سے مل کر کام کیا جا سکتا ہے نیٹ ورکنگ اور معلومات کا تبادلہ بڑھانا ہو گا۔ پاکستان میں مشترکہ نمائش کا بھی انعقاد کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔