انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریتنو مرسودی او آئی سی کی وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئیں

156
انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریتنو مرسودی او آئی سی کی وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئیں

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریتنو مرسودی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کی وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے ہفتے کو اسلام آباد پہنچ گئیں ، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے ان کا استقبال کیا۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر او آئی سی کے رکن ممالک کے مندوبین کے استقبال کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں،کانفرنس کا بنیادی مقصد جنگ زدہ افغانستان میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو روکنے کے لیے فوری امداد اور وسائل کو متحرک کرنے کی ضرورت اجاگر کرنا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے کہا کہ آج ان کی یہاں موجودگی افغانستان کے عوام کے ساتھ ان کی یکجہتی کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا ہمیشہ افغانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا،مسلم دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان کے عوام کے لیے بہتر اقدامات کرے۔

اس موقع پر انہوں نے افغانستان کے لئے خصوصی مہم کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔