انڈونیشیا کے جزیرہ بالی کے قریب بحری جہاز کے حادثے میں اموات 10 ہو گئیں، 25 تاحال لاپتہ

40
Indonesia
Indonesia

جکارتہ ۔8جولائی (اے پی پی):انڈونیشیا کےجزیرہ بالی کے قریب میں گزشتہ بدھ کی شام مسافر بردار جہاز کے حادثہ میں اموات بڑھ کر 10 ہو گئی ہیں جبکہ 25 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

شنہو اکے مطابق بالی میں سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے سربراہ ای نیومن سیداکاریا نے منگل کو بتایا کہ اموات کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے۔ 30 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 25 تاحال لاپتہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منگل کوتلاش اور امدادی کارروائیوں میں زیرِ آب آپریشن بھی شامل ہوں گے، جن میں کئی غوطہ خور اور پانی کے اندر تلاش کی ٹیکنالوجی سے لیس بحری جہاز شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سمندر میں تلاش کا عمل بھی جاری ہے، جس میں جہاز اور ربڑ کی کشتیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ فضائی سرچ آپریشن بھی جا ری ہے۔

صوبہ جاوا کے سرچ اینڈ ریسکیو آفس کی ایک سینئر اہلکار نوویتا نرمالا نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے 10 افراد میں سے دو کی لاشیں آج منگل کی صبح نکالی گئی ہیں تاہم ان کی شناخت ابھی نہیں ہو ئی۔