جکارتہ ۔21نومبر (اے پی پی): انڈونیشیا کے جزیر ہ جاوا میں زلزلے سے 44 افراد جاں بحق اور سینکڑوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیر ہ جاوا کے ضلع سیانجورمیں پیر کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت یو ایس جیالوجیکل سروے کے مطابق 5.6 ریکارڈ کی گئی ہے ۔زلزے سے مکانات ، سکول اور ہسپتالوں سمیت 700 سے زیادہ عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
زلزلے کا مرکز دارالحکومت جکارتہ سے 74 کلو میٹر جنوب مشرق میں سطح زمین سے 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ جاوا کی علاقائی موسمیات اور جیو فزیکل ایجنسی کی سربراہ اندرا گستاری کے مطابق فی الحال سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم ممکنہ آفٹر شاکس کی وجہ سے احتیاط ضروری ہے ۔ ضلع سیانجور کی انتظامیہ کے سربراہ ہرمان سو ہرمان نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ زلزلے سےاب تک 46 اموات ہو چکی ہیں۔