انڈین پریمیئر لیگ ،دہلی کیپٹلز نے گجرات ٹائٹنز کو 5رنز سے ہرا دیا

105
IPL

احمد آباد۔3مئی (اے پی پی): دہلی کیپٹلز نے انڈین پریمیئرلیگ کے 44 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن گجرات ٹائٹنز کو 5 رنز سے ہرا دیا۔ یہ دہلی کیپٹلز کی لیگ میں تیسری فتح ہے۔گجرات ٹائٹنز کے محمد شامی نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 11 رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی وہ اپنی ٹیم کو فتح تو نہ دلا سکے تاہم ان کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

ہردیک پانڈیا کی 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی رائیگاں گئی۔دہلی کیپٹلز کے امان حکیم خان 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نریندر مودی سٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلے گئے لیگ کے 44 ویں میچ میں دہلی کیپٹلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے ۔ امان حکیم خان 51رنز کی اننگز کھیلی،اکثرپٹیل 27 اور رپل پٹیل 23 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ گجرات ٹائٹنز کے محمد شامی نے چار اور موہت شرما نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں دفاعی چیمپئن گجرات ٹائٹنز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے ، کپتان ہردیک پانڈیا کی نصف سنچری رائیگا ں گئی ۔ ہردیک پانڈیا نے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔

دہلی کیپٹلز کی طرف سےعمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے خلیل احمد اور ایشانت شرما نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ محمد شامی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔