اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):نامور کالم نگار ،ہدایتکار،صحافی ،پتلی باز اور انکل سرگم کے نام سے پہچانے جانے والے فاروق قیصر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، فاروق قیصر گزشتہ چند دنوں سے علیل اور اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں داخل تھے جہاں ان کا جمعہ کو انتقال ہو گیا۔ان کی عمر 75 برس تھی ۔وہ کمال درجے کے سکرپٹ رائٹرز ،مصنف اور صوتی اداکار بھی تھے،انہوں نے کامکس کتابیں بھی تحریر کیں ۔
سیالکوٹ میں اکتوبر 1945 میں پیدا ہونے والے فارق قیصر نے 1970 میں نیشنل کالج آ ف آرٹ لاہور سے گریجویشن کے بعد اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا،انہوں نے 1976 میں شروع ہونے والے ٹی وی شو ’’کلیاں ‘‘کے کردار ’انکل سرگم‘ سے لازوال شہرت پائی اس پروگرام میں انہوں نے پتُلی کرداروں ماسی مصیبتے ، ہیگا ،رولا اور شرمیلی کو بھی زندگی دی ۔ 1993میں انہوں نے پروگرام ’’ڈاک ٹائم‘‘ اور 1995 میں ’’سرگم سرگم‘‘ کیا۔2010 میں’’ سیاسی کلیاں‘‘ اور 2016 میں ’’سرگم بیک ہوم ‘‘کیا۔ان کو 1993 میں تمغہ حسن کاردگی سے نوازا گیا۔