لندن۔3مئی (اے پی پی): انگلش پریمیئر لیگ میں آرسنل نے چیلسی کو ہرا کر ٹیبل پر دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ آرسنل نے چیلسی کو میچ میں ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ مارٹن اوڈیگارڈ نے دو جبکہ گبریئل جیزز نے ایک گول کر کے آرسنل کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ چیلسی کی طرف سے واحد گول نونی مادوکے نے سکور کیا۔
ایمرٹس سٹیڈیم ، لندن میں کھیلے گئے میچ میں آرسنل کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی چیلسی کی ٹیم پر حاوی ہوگئی ۔ مارٹن اوڈیگارڈ نے 18 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی ۔ مارٹن اوڈیگارڈ نے دوسرا گول میچ کے 31 ویں منٹ پر سکور کیا جس کے ٹھیک تین منٹ بعد گبریئل جیزز نے 34 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 0-3 کر دیا۔ میچ کے ہاف پر آرسنل کو چیلسی کے خلاف 0-3 گول کی برتری تھی۔
چیلسی کی طرف سے واحد گول نونی مادوکے نے میچ کے 65 ویں منٹ میں سکور کیا اور مقابلہ 1-3 کر دیا جو کھیل کے آخر تک برقرار رہا۔ اس فتح کے بعد آرسنل کی ٹیم نے ای پی ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔