لندن۔19جنوری (اے پی پی):انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔ ای پی ایل میں (کل) ہفتہ کو مزید 2 میچوں کا فیصلہ ہوگا۔پہلا میچ آرسنل اور کرسٹل پیلس کی ٹیموں کے درمیان ایمرٹس سٹیڈیم ، لندن میں کھیلا جائے گا ۔ آرسنل کی ٹیم 20 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 12 میچز میں اس کو فتح نصیب ہوئی ہے اور وہ 40 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے،کرسٹل پیلس کی ٹیم بھی 20 میچز کھیل چکی ہے اور وہ پانچ میچز جیت چکی ہے۔
کرسٹل پیلس کی ٹیم 21 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 14 ویں نمبر پر ہے۔ دوسرا میچ برینٹ فورڈ اور ناٹنگھم فاریسٹ کی ٹیموں کے درمیان کمیونٹی سٹیڈیم ، برینٹ فورڈ میں کھیلا جائے گا۔ برینٹ فورڈ کی ٹیم 19 پوائنٹس کے ساتھ ای پی ایل ٹیبل پر 16ویں نمبر پر ہے۔
ناٹنگھم فاریسٹ کی ٹیم 20 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 15ویں نمبر پر ہے۔ یہ مجموعی طور پر ٹاپ فلائٹ انگلش فٹ بال کا 125واں ایڈیشن ہے جس کے شیڈول کا اعلان 15 جون 2023 کو کیا گیا تھا۔ مانچسٹر سٹی کی ٹیم ای پی ایل میں اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہے ،لیور پول کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 45 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے۔