لندن۔6مارچ (اے پی پی):آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین ایشز سیریز 2023 کا آغاز 16 جون سے انگلینڈ میں ہوگا۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے رواں سال ہونے والی مینز ایشز سیریز کے شیڈول اور وینیوز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ایجبسٹن ،برمنگھم میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
مینز ایشز سیریز کے شیڈول کے مطابق پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 16 جون سے ایجبسٹن ،برمنگھم جبکہ آخری ٹیسٹ میچ 27 سے 31 جولائی تک اوول ،لندن کے میدان میں کھیلا جائے گا۔ دیگر ٹیسٹ میچوں کی میزبانی لارڈز، ہیڈنگلے اور اولڈ ٹریفورڈ کریں گے۔ یہ وہی پانچ مقامات ہیں جنہوں نے 2019کی ایشیز سیریز کی میزبانی کی ہے۔ ای سی بی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل جون 2023میں اوول کے میدان میں ہوگا جبکہ 2025کے فائنل کی میزبانی لارڈز کے تاریخی میدان کو ملے گی۔
ویمنز ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ رواں سال 22 جون کو ٹرینٹ برج میں ہوگا۔ اس کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلیں گے۔ ایجبسٹن، لارڈز اور اوول میں پہلی مرتبہ ویمنز ایشیز ٹی 20انٹرنیشنل کھیلے جائیں گے۔