برمنگھم۔30جون (اے پی پی):انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ (کل) جمعہ سے ایجبسٹن، برمنگھم میں شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری میچ ری شیڈول ہے ، یہ سیریز گزشتہ سال اگست میں شروع ہوئی تھی تاہم ناگزیر وجوہات کے باعث پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ ملتوی کر دیا گیا تھا جو اب کل (جمعہ سے) برمنگھم میں شروع ہوگا۔
بھارتی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا، دوسرے میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو 151 رنز سے شکست دی ،تیسرے میچ میں انگلینڈ نے کم بیک کرتے ہوئے بھارت کو ایک اننگز اور 76 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ،تاہم چوتھے میچ میں بھارتی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 157 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی تھی۔
انگلینڈ کو سیریز برابر کرنے کے لئے پانچواں میچ جیتناضروری ہوگا جبکہ بھارت کو میچ میں کامیابی کے لئے کم از کم ڈرا کھیلنا ہوگا۔روہت شرما کی غیر موجودگی میں جسپریت بمرا بھارتی ٹیم کو لیڈ کریں گے ، وہ بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے 36 کپتان ہوں گے، اور بھارتی فاسٹ بائولر کیپل دیو کے بعد بمرا بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے والے پہلے فاسٹ بائولر ہوں گے۔انگلینڈ کی ٹیم مایہ ناز آل رائونڈر بین سٹوکس کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔