لندن۔1ستمبر (اے پی پی): انگلینڈ اور سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (کل )ہفتہ کو کاؤنٹی گراؤنڈ، چیلمسفورڈ میں کھیلا جائے گا ۔میزبان برطانوی خواتین ٹیم کو آئی لینڈرز ویمنز ٹیم کے خلاف سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
انگلینڈ ویمن نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکن ویمن ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 12 رنز سے شکست دی تھی۔ سری لنکن ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورہ پر ہے اور وہ اپنے دورہ انگلینڈ کے دوران میزبان خواتین ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 6 ستمبر کو ڈربی میں کھیلا جائے گا۔ تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں برطانوی ویمن ٹیم کی قیادت ہیتھر نائٹ کریں گی جبکہ سری لنکن ٹیم کو چماری اتھاپتھو لیڈ کریں گی ۔