انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا

105
New Zealand Women defeated England Women

لندن۔10جولائی (اے پی پی):انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا کرکٹ میچ کل (جمعرات کو)سینٹ لارنس گراؤنڈ، کینٹربری میں کھیلا جائے گا۔میزبان خواتین ٹیم کو مہمان نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ انگلینڈ ویمنز نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم کو 59 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 23 رنز سے مات دی تھی۔ اس سے قبل دونوں ممالک کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں میزبان انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 0-3 سے وائٹ واش کر دیا تھا۔ انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کو 9 وکٹوں ،دوسرے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں جبکہ تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ مہمان نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم اپنے دورے کے دوران میزبان انگلینڈ ویمنز ٹیم کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیل چکی ہے جبکہ 5 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے دو میچز کھیل چکی ہے ۔پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹی 20 میچ کل جمعرات کو کینٹربری کے مقام پر کھیلا جائےگا،چوتھا ٹی ٹونٹی میچ 13جولائی کو کیننگٹن اوول، لندن میں کھیلا جائے گا جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 17 جولائی کو لارڈز، لندن میں کھیلا جائے گا۔