انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرا اور آخری بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ (آج) کھیلا جائے گا، انگلینڈ کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل

209

مانچسٹر۔ 31 اگست (اے پی پی) انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ (آج) منگل کو اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ میزبان ٹیم نے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز انگلینڈ نے 1-0 سے جیت لی تھی۔ پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے جبکہ میزبان ٹیم آئن مورگن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور گرین شرٹس کو تیسرے میچ میں بھی شکست دیکر سیریز میں 2-0 سے فتح حاصل کریں گے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ تیسرا میچ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔