لندن ۔ 07مئی(اے پی پی) انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) بدھ کو لندن میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل واحد ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ واحد ٹی ٹونٹی میچ میں کامیابی کے بعد میزبان ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ پر عزم ہیں کے ایک روزہ سیریز میں بھی پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کرینگے۔ ادھر پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی میچ میں کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا تاہم بدقسمتی سے فتح حاصل نہیں ہوسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے سیریز میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرینگے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک روزہ سیریز میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز سخت اور کانٹے دار ہوگی اور شائقین کرکٹ کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 8 مئی کو کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 11 مئی کو کھیلا جائے گا، تیسرا میچ 14 مئی کو کھیلا جائے گا، چوتھا میچ 17 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ پانچواں اور آخری میچ 19 مئی کو کھیلے گی۔