لاہور۔18نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 16 سال بعد پہلی مرتبہ دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔ترجمان کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان میں 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ یہ میچز 14 اور 15 اکتوبر کوکراچی میں کھیلے جائیں گے۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم 12 اکتوبر کو کراچی پہنچے گی۔دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلئے16 اکتوبر کو اکٹھے بھارت روانہ ہوجائیں گی۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈنےبھی دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ کو جنوری 2021 میں مختصر دورانیے کے لئے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انگلینڈ نے آئندہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا 16 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ جو سیزن 23-2022 میں دونوں ممالک کے مابین وائٹ اور ریڈ بال کرکٹ سیریز کے انعقاد میں بھی معاون ثابت ہوگا۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی ہوم سیریز کے بعد انگلینڈ کے مکمل سکواڈ کی میزبانی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کرکٹ فینز کے لیے ایک پرجوش لمحہ ہوگا۔ عوام نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے بہت انتظار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس دورے کی تصدیق ہمارے اس موقف کی تائید کرتی ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔چیف ایگزیکٹو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ٹام ہیریسن نے کہا کہ وہ انگلینڈکرکٹ ٹیم کا آئندہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2005 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط اور اچھے اور انہی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم وہاں کے فینز کے لیے ان کے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی محفوظ واپسی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔چیف ایگزیکٹو ای سی بی نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح ہمارے لئے اپنے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت سب سے عزیز ہے۔ ہم پی سی بی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور دونوں بورڈز مل کر سیکورٹی اور کووڈ ۔19 کے پروٹوکولز کو پیش نظر رکھتے ہوئے مجوزہ پلانز ترتیب دے رہے ہیں۔برٹش ہائی کمشنر آف پاکستان ڈاکٹر کرسٹن ٹرنر کاکہنا ہے کہ وہ جب سے پاکستان آئے ہیں انہوں نے پاکستان میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے استقبال کو اپنا ہدف بنایا ہوا تھا۔ اب 16 سال کا انتظار ختم ہوا اور انہیں خوشی ہے کہ 2021 میں انگلینڈ کی ٹیم یہاں پاکستان آکر کرکٹ کھیلے گی۔