انگلینڈ نے دورہ پاکستان کے لئے ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان کردیا

220
کراچی ٹیسٹ، پاکستان کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ، قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں

لندن۔2ستمبر (اے پی پی):انگلینڈ نے دورہ پاکستان کے لئے ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان کردیا، کپتان جوز بٹلر کی دستیابی سیریز کے آخری مرحلے میں متوقع ہے ، ان کی غیر موجودگی میں معین علی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے جمعہ کو پاکستان کے خلاف7 میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کیا جو رواں ماہ کراچی روانہ ہوگا۔ انگلینڈ سلیکشن پینل نے رواں سال اکتوبر سے آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ کا بھی اعلان کیا۔

فاسٹ بائولر کرس ووکس اور مارک ووڈ انجری سے چھٹکارا پانے کے بعد دونوں سکواڈز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ میں شامل دو کھلاڑی کرس جورڈن اور لیام لیونگ سٹون اپنا ری ہیب جاری رکھیں گے اور دورہ پاکستان میں شامل نہیں ہوں گے۔ انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلرانجری سے صحت یابی کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن وہ سات ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے آخری مراحل میں ٹیم کی قیادت کریں گے’ ان کی غیر موجودگی میں معین علی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

دورہ پاکستان کے لئے انگلش سکواڈ میں کپتان جوز بٹلر، نائب کپتان معین علی، ہیری بروک ، جورڈن کوکس، سیم کرن، بین ڈوکٹ، لیام ڈاوسن، رچرڈ گلیسن، ٹام ہیلم، ول جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولے سٹون، ریس ٹوپلے، ڈیوڈ ویلی، کرس ووکس، لیوک ووڈ اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 20 ستمبر سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے انگلش سکواڈ کی قیادت جوز بٹلر کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں معین علی، جونی بیرسٹو، ہیری بروک، سیم کرن، کرس جورڈن، لیام لیونگ سٹون، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، بین سٹوکس، ریس ٹوپلے، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک ووڈ شامل ہیں جبکہ لیام ڈاوسن، رچرڈ گلیسن اور ٹائمل ملز ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔