انگلینڈ نے سری لنکا کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بڑے مارجن 211 رنز سے ہرا دیا

63

گال ۔ 9 نومبر (اے پی پی) معین علی اور جیک لیچ کی شاندار باﺅلنگ کی بدولت انگلینڈ نے سری لنکا کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بڑے مارجن 211 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ انگلش باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کے باعث میزبان ٹیم 462 رنز ہدف کے تعاقب میں 250 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کی طرف سے معین علی نے چار، جیک لیچ نے تین جبکہ عدیل راشد اور بین سٹوکس نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا۔ بین فوکس کو میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم کے باﺅلرز کے سامنے میزبان ٹیم بالکل بے بس نظر آئی انجیلو میتھیوز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا اور سری لنکن ٹیم خزاں رساں پتوں کی طرح پویلین لوٹتی چلی گئی۔ انجیلو میتھیوز 53 اور مینڈس 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جمعہ کو گال میں جاری سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکن ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز بغیر کسی نقصان کے 15 رنز پر دوبارہ شروع کی تو کرونا رتنے 7 اور کوشال سلوا 8 رنز پر کھیل رہے تھے۔