کولمبو۔ 25جنوری (اے پی پی):انگلینڈ نے سری لنکا کو گال ٹیسٹ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی’ انگلش کپتان جوئے روٹ کو مین آف دی میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈز سے نوازا گیا’ سری لنکن بائولر لستھ ایمبولڈنیا نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ پیر کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز سے دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تاہم ٹیم کے مجموعی سکور میں 5 رنز کا ہی اضافہ ہو سکا اور انگلینڈ کی ٹیم 344 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ سری لنکا نے 37 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تاہم سری لنکا کی آدھی ٹیم 47 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ لستھ ایمبولڈنیا 40 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز انگلینڈ کے بائولروں کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم 126 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی طرف سے ڈوم بیس اور جیک لیچ نے 4,4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان جوئے روٹ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ نے 164 رنز کا ٹارگٹ 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ڈوم سبلی 56 رنز اور جوز بٹلر 46 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پہلی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے سری لنکن بائولر لستھ ایمبولڈنیا نے دوسری اننگز میں بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کے کپتان جوئے روٹ کو بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ واضح رہے سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی’ اینجلیو میتھیوز نے سنچری سکور کی جبکہ نیروشن ڈیکویلا نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے تھے۔ جیمز اینڈرسن نے پہلی اننگز میں سری لنکا کے 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز میں کپتان جوئے روٹ نے 186 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔