انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل

65
انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل

نوٹنگھم۔۔14جون (اے پی پی):انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی،انگلش ٹیم نے 299 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، جونی بیرسٹو کو 136 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، کپتان بین سٹوکس 75 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

منگل کو نوٹنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے 224 رنز 7 وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔ ڈیرل مچل 32 اور میٹ ہنری 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، ڈیرل مچل شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے باسٹھ رنز جبکہ ہنری 18 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ ٹرینٹ بولٹ 17 اور جمیسن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اس طرح نیوزی لینڈ دوسری اننگز میں 284 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کے فاسٹ باؤلرز کرس براڈ نے تین جبکہ اینڈرسن اور میتھیوز پورٹس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جیک لیچ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کا 299 رنز کا ہدف انگلینڈ نے جونی بیرسٹو اور کپتان بین سٹوکس کی شاندار پارٹنرشپ کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کر لیا۔ انگلینڈ نے جب دوسری اننگز شروع کی تو اس کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور صرف 12 کے مجموعی سکور پر پہلی وکٹ گر گئی جب زاک کرولی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

اوپنر ایلکس ہیلز نے اولی پوپ کے ہمراہ سکور کو آگے بڑھایا تاہم ہیلز 44 اور پوپ 18 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، سٹار بیٹر جو روٹ صرف تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ایک موقع پر جب انگلینڈ کے 93 کے مجموعی سکور پر چار کھلاڑی آئوٹ تھے تو جونی بیرسٹو نے کپتان بن سٹوکس کے ساتھ 179 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ٹیم کے سکور کو 272 تک پہنچا کر اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔

بیرسٹو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری مکمل کی، وہ 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بین سٹوکس 75 اور بین فوکس 12رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ کیوی فاسٹ باؤلرز ٹرینٹ بولٹ نے تین، ٹم ساوتھی اور میٹ ہنری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے ٹیسٹ سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 553 اور انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 539 رنز بنائے تھے۔