سائوتھمپٹن۔11جون (اے پی پی):بین ڈکٹ اور جیمی اسمتھک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچ میں مہمان ویسٹ انڈیز کو 37رنز سے شکست دے کر ون ڈے کے بعد ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز بھی کلین سویپ کرلی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 249 رنز ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بناسکی۔ بین ڈکٹ نے 84 اور جیمی اسمتھک نے 60 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ۔رومین پائول کے ناقابل شکست 79 رنز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ نچا سکے۔
بین ڈکٹ مین آف دی میچ جبکہ جوز بٹلر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔روز بائول ،سائوتھمپٹن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان شائی ہوپ نے ٹاس جیت کر پہلےفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 249 رنز کا ہدف دیا۔ میزبان ٹیم کے بین ڈکٹ نے 84 اور جیمی اسمتھک نے 60 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، جیکب بیتھل ناقابل شکست 36 اور کپتان ہیری بروک ناقابل شکست 35 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین،شیرفین ردرفورڈ اور گڈاکیش موتی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 249 رنز کا پہاڑ جیسا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 211رنز بناسکی۔رومین پائول ناقابل شکست 79 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔کپتان شائی ہوپ نے 45 اور شمرون ہیٹمائر نے 26 رنز بنائے۔یوں انگلینڈ کی ٹیم نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو نہ صرف 37 رنز سے شکست دے دی بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی 0-3 سے کلین سویپ کرلی۔
اس سےقبل انگلینڈ کی ٹیم نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں بھی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا۔ انگلینڈ کی جانب سےلیوک ووڈ نے 3 اور عادل رشید نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ کے بین ڈکٹ مین آف دی میچ جبکہ جوز بٹلر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔