:انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان نیٹ سکیوربرنٹ نے کہا ہے کہ وہ اپنے نام کو ان انگلش کپتانوں کی فہرست میں شامل کرنا چاہتی ہیں جنہوں نے ہوم گرائونڈ پر ورلڈ کپ جیتا۔
انگلینڈ ویمنز کپتان ہوم گرائونڈ پر ورلڈ کپ جیتنے کے لئے پر امید

مزید خبریں
لاہور۔10جون (اے پی پی):انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان نیٹ سکیوربرنٹ نے کہا ہے کہ وہ اپنے نام کو ان انگلش کپتانوں کی فہرست میں شامل کرنا چاہتی ہیں جنہوں نے ہوم گرائونڈ پر ورلڈ کپ جیتا۔ آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لئے انتہائی پرجوش لمحہ ہے کیونکہ انہیں اپنے ملک میں دوسرا ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، جبکہ وہ کبھی یہ تصور بھی نہیں کرتی تھیں کہ ایک بھی ہوم ورلڈ کپ کھیل سکیں گی۔نیٹ سکیوربرنٹ نے2017 کے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے ٹیم کی محنت، یکجہتی اور مسلسل جدوجہد کارفرما تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یاد دلایا جاتا ہے کہ انگلینڈ نے اپنی سرزمین پر کبھی ورلڈ کپ نہیں ہارا، تاہم وہ اس ریکارڈ کو اضافی دبائو کی بجائے ایک مثبت محرک کے طور پر دیکھتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میزبان ٹیم ہونے کا فائدہ ضرور ہوتا ہے اور وہ امید کرتی ہیں کہ شائقین کی بھرپور حمایت انگلینڈ کے حق میں جائے گی۔انگلش کپتان نے کہا کہ میدان میں موجود رہتے ہوئے کھلاڑی اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز رکھتی ہیں، لیکن میدان سے باہر مختلف امکانات اور نتائج کے بارے میں سوچنا فطری بات ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ کپ کے آغاز تک ٹیم مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی اور دبائو میں بھی پرسکون رہنے میں کامیاب ہوگی۔ نیٹ سکیوربرنٹ نے نوجوان کھلاڑی ٹلی کورٹین کولمین کی قومی ٹیم میں شمولیت اور ڈیبیو کو خوش آئند قرار دیا ۔ ان کے مطابق ٹلی ایک باصلاحیت بولر ہیں اور انگلینڈ کرکٹ کا روشن مستقبل ثابت ہو سکتی ہیں۔انہوں نے لنسی سمتھ اور ڈینی گبسن کی ٹیم میں واپسی اور عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کھلاڑیوں کی محنت اور ثابت قدمی پوری ٹیم کے لئےحوصلہ افزا ہے۔ ان کے مطابق انگلینڈ کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ورلڈ کپ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔








