چیچہ وطنی، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس کی زیرِ صدارت اجلاس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے ٹینڈرز کھولے گئے

ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر کی زیرِ صدارت کمشنر آفس میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

چیچہ وطنی۔ 10 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر کی زیرِ صدارت کمشنر آفس میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنمنٹ حاجی عبد القیوم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر(ڈی ایچ کیو) ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کے ٹینڈرز کھولے گئے۔ اجلاس میں محکمہ بلڈنگ کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی اور منصوبے کے مختلف پہلوں کا جائزہ لیا گیا۔ منصوبے کے تحت گورنمنٹ حاجی عبد القیوم ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سیکنڈری سطح کی صحت کی سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اپ گریڈ کیا جائے گا، جس سے مریضوں کو بہتر اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ حکام کے مطابق منصوبے پر مجموعی طور پر 21 کروڑ 45 لاکھ روپے لاگت آئے گی، جبکہ اسے ایک سال کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مذکورہ ٹینڈر 20 فی صد کم لاگت پر ایوارڈ کیا گیا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور علاقے کے عوام کو صحت کی بہتر خدمات میسر ہوں گی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ منصوبے کو شفافیت اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام جلد از جلد اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں