پی ٹی اے کی جانب سے وی اے ایس معلومات تک آسان رسائی، صارفین کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی سہولت اور تحفظ کو مزید موثر بنانے کے لیے تمام سیلولر موبائل آپریٹرز کو ہدایت جاری کی ہے

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی سہولت اور تحفظ کو مزید موثر بنانے کے لیے تمام سیلولر موبائل آپریٹرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ صارفین کو اپنی فعال ویلیو ایڈڈ سروسز (وی اے ایس) کی معلومات تک آسان اور فوری رسائی فراہم کریں۔بدھ کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق اب صارفین یوایس ایس ڈی کوڈز کے ذریعے اپنی تمام فعال ویلیو ایڈڈ سروسز کی تفصیلات معلوم کرنے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری سروسز کو فوری طور پر بند بھی کر سکتے ہیں۔ان کوڈز میں جاز #6611*،ٹیلی نار: #4444*، زونگ: #6611*، یوفون: #6869*شامل ہیں ۔اس اقدام کا مقصد صارفین کو اپنے موبائل اکائونٹس پر مکمل آگاہی فراہم کرنا، شفافیت کو فروغ دینا اور غیر ضروری کٹوتیوں سے بچانے میں مدد فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی فعال سروسز کا بروقت جائزہ لے سکیں۔پی ٹی اے صارفین کے حقوق کے تحفظ، بہتر سہولیات کی فراہمی اور ٹیلی کام شعبے میں صارف دوست پالیسیوں کے فروغ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔