لاہور ہائیکورٹ،انسانی سمگلنگ کیس کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے انسانی سمگلنگ کے مقدمے میں گرفتار ملزم محمد بابر علی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت مسترد کر دی۔

لاہور۔10جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے انسانی سمگلنگ کے مقدمے میں گرفتار ملزم محمد بابر علی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ جسٹس عبہر گل نے درخواست پر سماعت کی۔ ملزم کے خلاف ایف آئی اے نے20 نومبر 2025 کو مقدمہ درج کیا تھا۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اس کے خلاف کوئی جرم ثابت نہیں ہوا لہذا ضمانت منظور کی جائے۔ تاہم مدعی مقدمہ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے مدعی وسیم الیاس کو فیملی سمیت کینیڈا بھجوانے کا جھانسہ دے کر15 لاکھ روپے نقد، 7 لاکھ50 ہزار روپے بینک اکائونٹ کے ذریعے اور3 ہزار190 کینیڈین ڈالر فیس کی مد میں وصول کیے۔ عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف انسانی سمگلنگ کے 13 مقدمات درج ہیں جس پر عدالت نے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔