ملتان۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ پال کولنگ ووڈ نے سوشل میڈیا پر پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی ایک قابل ذکر تصویر شیئر کرتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کی تعریف کی ہے۔تفصیلات کے مطابق پیر کو کولنگ ووڈجو اس وقت انگلش ٹیم کے ساتھ دورہ پاکستان پر ہیں نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی تصویر شیئر کی،جس میں ملتان پولیس کو انگلش ٹیم کی حفاظت کرتے دکھایا گیا ہے۔کالنگ وڈ نے تصویر کو "The lads” کے عنوان کے ساتھ پاکستانی جھنڈے اور تالیاں بجاتے ہوئے ایموجی کے ساتھ شیئر کیا۔
یہ تصویرجس میں ملتان پولیس کے ارکان انگلینڈ کی ٹیم کی حفاظت کرتے ہوئے دکھائے گئے ہیں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی،پال کولنگ ووڈ نے تصویر میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی ٹیموں کو فراہم کی جانے والی شاندار سیکیورٹی اور مہمان نوازی کو سراہا ہے۔کولنگ ووڈ کی جانب سے شیئر کردہ تصویر میں حالیہ برسوں میں بین الاقوامی ٹیموں کیلئے پاکستان کی طرف سے کئے گئے شاندار سیکیورٹی انتظامات کا اعتراف کرتے ہوئے بین الاقوامی کھیلوں کےمقابلوں کومحفو ظ طریقے سے منعقد کرانے کی پاکستان کی صلاحیتوں اورمثبت بیانیہ کو اجاگر کرنا بھی ہے۔
انگلش اسسٹنٹ کوچ کی پوسٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان بین الاقوامی کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کی اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر رہا ہے،گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان کے کرکٹ گراؤنڈز ایک بار پھر عالمی ٹیموں اور کھلاڑیوں کے لیے کھلے ہیں،
ٹیموں اور کھلاڑیوں کو سیکیور ٹی کے بہترین پروٹوکول اور کھیلوں کے لیے ایک محفوظ اور خوش آئند مقام کے طور پر پاکستان کے مثبت امیج کو بحال کرنے میں مشترکہ کوششیں شامل ہیں۔بہت سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر پال کولنگ ووڈ کی پوسٹ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ اس طرح کے مثبت اشارے اقوام کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔ کولنگ ووڈ کی تعریف نے مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے بڑھانے کا کام بھی کیا ہے،
جنہیں اکثر ایسے ہائی پروفائل ایونٹس کی وسیع حفاظتی انتظامات کرنے کا کام سونپا جاتا ہے۔ کولنگ ووڈ جیسی شخصیات کی جانب سے پاکستان کی طرف سے فول پروف سیکیور ٹی اور شاندار مہمان نوازی کا اعتراف عالمی کرکٹ برادری میں پاکستان کی طرف سے سب کیلئے ایک محفوظ اور خوش آئند ماحول کو یقینی بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔