لندن۔4جولائی (اے پی پی):آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز سٹیون سمتھ نے کہا ہے کہ وہ میزبان ٹیم کے خلاف ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میزبان برطانوی ٹیم کو تیسرے میچ میں بھی شکست دے کر پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشز سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کریں گے۔34 سالہ سابق کپتان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور اپنی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ایشز کے آئندہ میچوں میں بھی فتح دلانے کے لئے پرعزم ہیں۔ آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف 0-2 کی برتری حاصل ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 6جولائی سے ہیڈنگلے ، لیڈز میں شروع ہوگا۔انگلینڈ کے خلاف لندن، لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مین آف دی میچ کا اعزاز پانے والے آسٹریلوی سٹیون سمتھ نے کہا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دو ٹیسٹ میچزمیں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میزبان ٹیم کو آئندہ میچزمیں بھی شکست دیکر سیریز اپنے نام کرے گی جس کے لئے ہم نے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کے لئے میدان میں اتریں گے۔34 سالہ سٹیون سمتھ نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 110 جبکہ دوسری اننگز میں 34 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھااور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔