لندن۔1جولائی (اے پی پی):انگلینڈ نامور ٹینس سٹار اور یو ایس اوپن چیمپئن ایما ریڈوکانو ،انگلینڈ کی ہی ٹینس کھلاڑی کیٹی بولٹراور انگلینڈ کی ہی سونی کارٹل ومبلڈن اوپن ٹینس میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں ۔ 22 سالہ ایما ریڈوکانو نے ویمنز سنگلز کے ابتدائی رائونڈ میں ہم وطن حریف کھلاڑی منگے اولیوی کو شکست دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیاجبکہ کیٹی بولٹر نے خواتین کھلاڑیوں کے سنگلز مقابلوں کے پہلے رائونڈ میں ہسپانوی نانتھ سیڈڈحریف کھلاڑی پاؤلا بڈوسا گیبرٹ کو ہرا کر دوسرے رائونڈ میں جگہ پکی کی ۔
سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں شروع ہو چکے ہیں ،جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ 22 سالہ انگلینڈ کی نامور ٹینس سٹار اور یو ایس اوپن چیمپئن ایما ریڈوکانو نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم وطن حریف کھلاڑی منگے اولیوی کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 3-6 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ویمنز سنگلز مقابلوں کے پہلے رائونڈ میں انگلینڈ کی ہی ٹینس کھلاڑی کیٹی بولٹر نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہسپانوی نانتھ سیڈڈحریف کھلاڑی پاؤلا بڈوسا گیبرٹ کو 2-6، 6-3 اور 4-6سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا،جہاں ان کا مقابلہ ارجنٹائن کی حریف کھلاڑی سولانا سیرا سے ہوگا۔ ایک اور میچ میں انگلینڈ کی ہی ٹینس کھلاڑی سونی کارٹل نے لٹویا کی ٹینس کھلاڑی جیلینا اوسٹاپنکو کو 5-7، 6-2 اور 2-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔