کیلیفورنیا۔17مارچ (اے پی پی):انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار جیک الیگزینڈر ڈریپر نے اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اے ٹی پی انڈین ویلز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ 23سالہ برطانوی ٹینس کھلاڑی جیک الیگزینڈر ڈریپرنے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں ڈنمارک کے ٹینس سٹار ہولگر رونے کو شکست دے کر اپنے کیریئر کا سب سے بڑا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
امریکا کی مشہور ریاست کیلیفورنیا کے انڈین ویلز ٹینس گارڈن میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں انگلینڈ کے ٹینس کھلاڑی جیک الیگزینڈر ڈریپر انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ڈنمارک کے ٹینس سٹار ہولگر رونے کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 2-6سے مات دے کر اپنے کیریئر کا سب سے بڑا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔اس فتح کے ساتھ ہی جیک الیگزینڈر ڈریپر کے اے ٹی پی ٹائٹلز کی تعداد تین ہوگئی ہے۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں سپین کے دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز کو شکست دینے کے بعدجیک الیگزینڈر ڈریپر کو پہلے مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 10 میں پہلی بار پہنچنے کی ضمانت مل گئی تھی اور اس فتح کے بعد وہ مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں 7 درجے ترقی پاکر 14 ویں سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔
جیک الیگزینڈر ڈریپر نے ٹورنامنٹ میں فتح کے بعد کہا کہ میں رواں ہفتے اپنی کامیابیوں پر ناقابل یقین حد تک خوشی اور بے حد فخر محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی اس فتح کو کبھی فراموش نہیں کر سکوں گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573339