انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 18رکنی قومی سکواڈ کا اعلان ،سکواڈ کی سلیکشن میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھا گیا ہے ،چیف سلیکٹر محمد وسیم

96
پی سی بی کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کا چھٹا رائونڈ 7 فروری سے شروع ہو گا

لاہور۔21نومبر (اے پی پی):انگلینڈکے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 18رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے چیئر پرسن سلیکشن کمیٹی محمد وسیم نے پریس کانفرنس میں کہاکہ کوشش کر رہے ہیں کہ تینوں فارمیٹ میں سلیکشن کیلئے آپریشنز بڑھائیں۔

انہوں نے کہاکہ بابراعظم ، محمد رضوان،عبداللہ شفیق، ابراراحمد کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیاگیاہے جبکہ اظہر علی، نسیم شاہ ، امام الحق، محمد نواز اور وسیم جونیئرٹیم کا حصہ ہوں گے، نعمان علی، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمودکو بھی ٹیم میں شامل کیاگیاہے۔

چیئرپرسن سلیکشن کمیٹی محمد وسیم نے کہاکہ سرفراز احمد اور فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، حارث رئوف ڈیبیو کریں گے ،فوادعالم کو ٹیم سے ڈراپ کردیاگیاہے،ان کی جگہ محمد علی کو پہلی بارسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 18 رکنی ٹیسٹ سکواڈ میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، اظہر علی، فہیم اشرف، حارث رئوف، امام الحق، محمد علی، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ ، نعمان علی، سلمان علی آغاز،سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمود شامل ہیں۔چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہاکہ سکواڈ کی سلیکشن میں ڈومیسٹک کی کارکردگی ، کھلاڑیوں کی فارم، کنڈیشنز اور پوزیشن کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ میں ان تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہیں انگلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔اس سیریز نے ابرار احمد، محمد علی، محمد وسیم جونیئر اور زاہد محمود کو مواقع فراہم کیے ہیں۔ ابرار اس سیزن میں شاندار فارم میں ہیں،آنے والی سیریز میں اس نوجوان کے اعتماد اور صلاحیتوں کو استعمال کر سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ زاہد ایک اور اچھا بائولر ہے جس نے گزشتہ برسوں میں بہتری دکھائی ہے اوروہ لگاتار سکواڈز کا حصہ رہے ہیں۔ محمد وسیم نے کہاکہ ہم نے بہترین دستیاب ٹیلنٹ کے ساتھ اپنے فاسٹ بائولنگ سٹاک کو بڑھایا ہے۔ محمد وسیم جونیئر کی صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں ہے، وہ نئی اور پرانی گیند کو تیز رفتاری سے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

محمد علی نے بہت صبر اور کنٹرول کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کی تعداد ان کی مستقل مزاجی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وہ قائد اعظم ٹرافی میں گزشتہ دو سیزن میں 24 کی اوسط سے 56 وکٹیں لے کر ہمارے بہترین فاسٹ بائولر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم سیریز میں کامیابی حاصل کرے گی ۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز یکم دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر کو ملتان جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی 27 نومبر کو پاکستان آمد شیڈول ہے۔